خبرنامہ پنجاب

لاہور ہائیکورٹ کی 150 سالہ تقریبات

لاہور: (ملت+اے پی پی) لاہور ہائیکورٹ کی 150 سالہ تقریبات میں چیف جسٹس آف پاکستان انور ظہیر جمالی سمیت سپریم کورٹ اور ہائیکورٹ کے ججز اور فیملیز نے شرکت کی۔ اس موقع پر انصاف کی فراہمی کو اجاگر کرنے کے لئے شاندار پیٹنگز کی نمائش کا انعقاد بھی کیا گیا۔ سکولوں کے طلباء و طالبات کی جانب سے انصاف کی فراہمی کو خوب روشناس کرایا گیا۔ چیف جسٹس آف پاکستان سمیت دیگر ججز نے ان آرٹ کے نمونوں کو خوب سراہا۔ تقریب سے چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ سید منصور علی شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عدالت عالیہ کی 150 سالہ تقریبات ان سب کی ہیں جنہوں نے اپنی زندگی کے سال اس ادارے کو دیئے ہیں۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کا مزید کہنا تھا کہ سائلین کو انصاف کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے کیس مینجمنٹ، کیس آڈٹ، اے ڈی آر جیسے طریقے اپنائے جا رہے ہیں۔ تقریب کے اختتام پر چیف جسٹس آف پاکستان نے کورٹ رپورٹنگ میں نمایاں کارکردگی دکھانے پر دنیا نیوز کے سینئر رپورٹر محمد اشفاق کو شیلڈ سے بھی نواز۔