خبرنامہ پنجاب

لاہور ہائی کورٹ بینچ کے قیام کیلئے فیصل آباد کے وکلاء کی ہڑتال

فیصل آباد۔: (ملت+اے پی پی)ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن فیصل آباد کی اپیل پر فیصل آباد میں لاہور ہائی کورٹ بینچ کے قیام کیلئے وکلاء نے جمعہ کے روز ہڑتال کی جبکہ وکلاء آج ہفتہ کوبھی مکمل احتجاجی ہڑتال کریں گے اورعدالتی کاروائی کا بائیکاٹ کیاجائیگا نیز کوئی وکیل کسی عدالت میں پیش نہیں ہو گا اور اس موقع پر احتجاجی ریلی بھی نکالی جائیگی۔ ڈسٹرکٹ بار فیصل آباد کے ترجمان نے کہا کہ جب تک فیصل آباد میں لاہور ہائی کورٹ کے بینچ کا قیام عمل میں نہیں آ جاتا اس وقت تک ان کا احتجاج جاری رہے گا۔ فیصل آباد کے وکلاء کئی ماہ سے اپنا احتجاج اور ہفتہ وار ہڑتال کا سلسلہ جاری و ساری رکھے ہوئے ہیں ہڑتال کے روز ہزاروں سائیلین کو اپنے مقدمات کے سلسلہ میں شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور وہ خود عدالتوں میں پیش ہو کر نئی تاریخیں حاصل کرتے ہیں جس سے انصاف کی بروقت فراہمی کا عمل بھی متاثر ہو رہا ہے۔