خبرنامہ پنجاب

لاہور ہائی کورٹ میں انتخابی نظام میں بہتری لانے کیلئے دائر کی جانے والی آئینی پٹیشن سماعت کیلئے منظور

لاہور(ملت + آئی این پی) لاہور ہائی کورٹ نے الیکشن کے نظام میں بہتری لانے کیلئے دائر کی جانے والی آئینی پٹیشن سماعت کیلئے منظور کرتے ہوئے فریقین کو نوٹس جاری کر دیے ہیں۔ جسٹس اطہر محمود نے نوجوان صحافی عبدالرؤف اطہر کی طرف سے دائر کی جانے والی پٹیشن پر تین ہفتوں کے اندر الیکشن کمیشن آف پاکستان اور دیگر فریقین سے جواب طلب کرتے ہوئے سماعت کی تاریخ آٹھ دسمبر مقرر کی ہے۔ عبدالرؤف اطہر نے موقف اختیار کیا ہے کہ الیکشن کا موجودہ طریقہ کار کسی طور پر بھی جمہوری قدروں کی پاسداری نہیں کرتا۔ الیکشن میں ہر حلقے میں ٹرن آؤٹ کم از کم پچاس فیصد قرار دیا جائے اور کامیاب ہونے والے امیدوار کو کم از کم پچاس فیصد ووٹ حاصل کرنا لازمی قرار دیا جائے۔ پٹیشن میں مزید بھی کئی سوالات اٹھائے گئے ہیں۔ درخواست گزار کی پیروی پاکستان پریس کونسل کے سابق صدر اور سابق جسٹس راجہ شفقت عباسی کر ررہے ہیں۔