خبرنامہ پنجاب

لاہور ہائی کورٹ نے رکن پنجاب اسمبلی شمشاد سمیت 3افراد کے قتل کے ملزم کی ضمانت منظور کر لی

لاہور (ملت + آئی این پی) لاہور ہائیکورٹ نے مسلم لیگ (ن) رکن پنجاب اسمبلی رانا شمشاد سمیت تین افراد کے قتل کے ملزم وحید اللہ کلو کی ضمانت منظور کرتے ہوئے پانچ پانچ لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیدیا۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد حمید ڈار کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے ملزم وحید کی درخواست ضمانت پر سماعت کی ۔ ملزم کے وکلاء نے موقف اختیار کیا کہ (ن)لیگی ایم پی اے رانا شمشاد سمیت تین افراد کو 2015ء میں قتل کردیا گیا تھا اور اس وقوعے میں دو افراد زخمی ہوئے۔ملزم وحید اللہ کو رانا شمشاد کے قتل کی ایف آئی آر میں نامزد نہیں کیا گیا جبکہ بعد میں ضمنیوں میں سیاسی اور ذاتی رنجش کی بناء پر مقدمے میں ملوث کیا گیا۔انہوں نے نشاندہی کی کہ اس مقدمے میں چار ملزمان کی درخواست ضمانت منظور کی جا چکی ہے لہٰذا ملزم وحید اللہ کی ضمانت بھی منظور کی جائے۔محکمہ پراسیکیوشن کی طرف سے کہا گیا کہ ملزم وحید اللہ کو ایف آئی آر میں نامزد نہیں کیا گیا تھا بلکہ ضمنیوں میں نامزد کیا گیا، ملزم وحید بھی قتل میں ملوث ہے۔عدالت نے تفصیلی دلائل سننے کے بعد ملزم وحید اللہ کی ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں رہائی کیلئے پانچ پانچ لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیدیا۔