لاہور: (اے پی پی)بھارت سے 120 ہندو یاتری واہگہ کے راستے پاکستان پہنچ گئے،وہ چکوال کے کٹاس راس مندر میں مذہبی رسومات میں شرکت کریں گے۔یاتریوں کا کہنا ہے کہ وہ بھارت سے پیار ،محبت کا پیغام لائے ہیں ،چاہتے ہیں کہ دونوں ملکوں میں ہمیشہ امن اور بھائی چارے کی فضا قائم رہے۔ بھارت سے آئے ہندو یاتری واہگہ بارڈر پہنچنے پر بہت خوش دکھائی دئیے ،یاتری واہگہ بارڈر پہنچے تو ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا ،پھولوں سے لدے ہندو یاتری ایسی محبت پر پھولے نہیں سما رہے تھے۔ لاہور میں ایک شب قیام کے بعدیاتری اتوار کو چکوال جائیں گے اورکٹاس راج مندر میں شیوراتری تقریب میں شرکت کریں گے ۔ہندو یاتریوں نے واہگہ بارڈر پر اپنے مخصوص خوشی کے گیت بھی گائے،ہندو یاتری 11 مارچ کو واپس بھارت روانہ ہوجائیں گے۔ بھارت سے آئے ہندو یاتریوں کا کہنا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان دوستی اور بھائی چارے کی فضا قائم رہنی چاہیے، اسی سے خطے میں امن اور خوشحالی آئے گی۔