لودھراں:(ملت+اے پی پی) آدم واہن ریلوے اسٹیشن کے قریب 2 رکشے ٹرین کی زد میں آنے سے 6 بچے جاں بحق ہو گئے۔ ہزارہ ایکسپریس حویلیاں سے کراچی کے لئے آ رہی تھی کہ آدم واہن اور لودھراں کے درمیان ریلوے پھاٹک کھلا ہونے کے باعث 2 رکشے ٹرین کی زد میں آگئے۔ ترجمان ریلوے کے مطابق حادثے کے نتیجے میں اسکول کے 6 بچے جاں بحق ہوگئے۔ عینی شاہدین کے مطابق ریلوے پھاٹک کھلا ہوا تھا جب کہ حادثے کے وقت ریلوے کا کوئی ملازم اس وقت موجود نہیں تھا۔ ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے اور غفلت برتنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔