خبرنامہ پنجاب

لڑکی بن کر پیپرز لیک آئوٹ کرنے والا ملزم جیل روانہ

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) اسلام آباد کی عدالت نے سوشل میڈیا پر لڑکی بن کر سی ایس ایس کے پیپر آئوٹ کرنے والے ملزم کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا ۔ ایف آئی اے نے فیصل آباد سے گرفتار کئے گئے ملزم عارف خان کو ریمانڈ کے لئے سپیشل جج سنٹرل ملک نذیر کی عدالت میں پیش کیا گیا تاہم جج کے تبادلے کے باعث ملزم کو سینئر سول جج عبدالغفور کاکڑ کی عدالت لے جایا گیا جہاں ایف آئی اے نے ملزم کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی ۔ عدالت نے استدعا مسترد کرتے ہوئے ملزم کو چودہ روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا اور ایف آئی اے کو حکم دیا کہ آئندہ سماعت تک تفتیش مکمل کرکے چالان جمع کرایا جائے ۔ ایف آئی اے کے مطابق ملزم عارف خان خاتون سعدیہ کوثر کے نام سے جعلی فیس بک اکائونٹ پر سی ایس ایس کے امتحانی پرچے اپ لوڈ کرتا تھا ۔ دنیا نیوز کی نشاندہی پر فیڈرل پبلک سروس کمیشن نے ایف آئی اے سے معاملے کی تحقیقات کرنے کی درخواست کی تھی ۔