لاہور (ملت + آئی این پی) لیسکو میں بلنگ کی مد میں 12 کروڑ روپے کی کرپشن کے سکینڈل کی تحقیقات مکمل کر لی گئیں‘ ایف آئی اے نے ریونیو آفیسر فاروق احمد کو ذمہ دار قرار دیتے ہوئے اندراج مقدمہ کے لئے کیس لیگل ڈیپارٹمنٹ کو ارسال کر دیا۔تفصیلات کے مطابق لیسکو میں بلنگ کی مد میں 12 کروڑ روپے کی کرپشن کے سکینڈل کی تحقیقات مکمل کر لی گئی ہیں، لیسکو بورڈ آف ڈائریکٹرز کے سابق چیئرمین مصدق ملک کی ہدایت پر تحقیقات کا آغاز ہوا تھا، تاہم ڈیڑھ سال کے بعد ایف آئی اے نے بلنگ کی مد میں کروڑوں روپے کی کرپشن پر تحقیقات مکمل کی ہیں، تحقیقات میں لیسکو کے ریونیو آفیسر فاروق احمد کو 12 کروڑ کی کرپشن کا ذمہ دار قرار دے دیا گیا ہے فاروق احمد کی تعیناتی کے دوران بلنگ کی مد میں کرپشن کی گئی تھی، ایف آئی اے نے فاروق احمد کیخلاف مقدمہ درج کرنے کے لئے کیس لیگل ڈیپارٹمنٹ بھیج دیا ہے، لیگل ڈیپارٹمنٹ سے اجازت ملنے کے بعد فاروق احمد کیخلاف مقدمہ درج کر لیا جائیگا۔