خبرنامہ پنجاب

لیسکو نے لاہور میں گرڈ سٹیشن بند کر دئیے

لاہور: (ملت+اے پی پی) پنجاب کے مختلف علاقے آج بھی دھند کی لپیٹ میں رہے ، لاہور شہر میں دھند کی وجہ سے بجلی کا نظام متاثر ہوا ، لیسکو نے گرڈ سٹیشن بند کر دئیے جس کی وجہ سے رات بھر شہری بجلی سے محروم رہے ۔ لیسکو ذرائع کا کہنا ہے شدید دھند کی وجہ سے ترسیلی نظام کو نقصان پہنچ سکتا ہے ، احتیاطی طور پر سسٹم بند کیا گیا ۔ دوسری طرف پنجاب کے مختلف علاقے آج بھی شدید دھند کی لپیٹ میں رہے ، لاہور سے شیخوپورہ ، پنڈی بھٹیاں اور فیصل آباد تک موٹر وے کو ٹریفک کیلئے بند کر دیا گیا ، لاہور ایئرپورٹ پر تمام پروازیں منسوخ کر دی گئیں ۔ پنجاب کے مختلف علاقوں میں دھند کا راج رہا ، موٹر وے کو کئی مقامات پر بند کر دیا گیا ، دھند کی وجہ سے ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوئی ، ترجمان موٹر وے پولیس کے مطابق حد نگاہ صفر ہونے کی وجہ سے موٹر وے لاہور سے شیخوپورہ ، پنڈی بھٹیاں ، فیصل آباد اور گوجرہ تک ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ۔ شہریوں کو دھند کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور فوگ لائٹس استعمال کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ۔ کندیاں اور ٹوبہ ٹیک سنگھ ، کلور کوٹ اور جھنگ سمیت دیگر مقامات پر بھی دھند کی وجہ سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی ، لاہور ، شیخوپورہ اور مریدکے میں دھند کی وجہ سے مختلف ٹریفک حادثات میں سترہ افراد زخمی ہوئے ۔