ملتان:(اے پی پی)کروڑ لعل عیسن میں زہریلی مٹھائی کھانے سے 3 بھائیوں سمیت 5 افراد جاں بحق جب کہ 25 افراد کی حالت غیر ہو گئی۔ لیہ کے نواحی علاقے کروڑ لعل عیسن میں شاہد نامی شخص نے بچے کی پیدائش پر خوشی میں اپنے قریبی رشتے داروں کو گھر پر دعوت دی اور مٹھائی کھلائی، مٹھائی کھاتے ہی متعدد افراد کی حالت غیر ہونا شروع ہو گئی اور دیکھتے ہی دیکھتے خوشی کے گھر میں صف ماتم بچھ گئی۔ زہریلی مٹھائی کھانے سے 3 بھائیوں سمیت 5 افراد جاں بحق جب کہ 25 کی حالت خراب ہو گئی جنھیں نشتر اسپتال ملتان اور ڈی ایچ کیو اسپتال لیہ منتقل کر دیا گیا۔ اسپتال انتظامیہ کے مطابق زیر علاج افراد میں سے 10 کی حالت انتہائی تشویشناک ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ جاں بحق ہونے والے افراد میں عبد الغفور، امیر محمد، شہباز، رمضان اور عرفان شامل ہیں۔ دوسری جانب مٹھائی کی دکان سیل کر کے مالک کی گرفتاری کے لیے کارروائی کا آغازکردیا گیا ہے۔