خبرنامہ پنجاب

لیہ ہلاکتیں، دکاندار کے بھائی نے اعتراف کرلیا

لیہ:(آئی این پی ) چک نمبر 105 میں بچے کی پیدائش پر بانٹی گئی مٹھائی سے جاں بحق ہونیوالے 31 افراد کی موت کا معمہ حل گیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق مٹھائی فروش طارق کے چھوٹے بھائی خالد نے دوران حراست مٹھائی میں دانستہ دور پر زہر ملائے جانے کا اعتراف کیا ہے۔ مجسٹریٹ کے روبرو ملزم خالد کے بیانات بھی قلمبند کر لئے گئے ہیں۔ پولیس ذرائع کے مطابق 18 سالہ ملزم خالد نے مٹھائی میں زہر ملانے کی وجہ بڑے بھائی طارق سے ذاتی عداوت قرار دی ہے۔ ملزم نے مجسٹریٹ کے روبرو بیان دیا ہے کہ بڑا بھائی تشدد اور بات بات پر بے عزت کرتا تھا، بدلہ لینے اور کاروبار تباہ کرنے کیلئے انتہائی اقدام اٹھایا۔پولیس نے ملزم خالد کی نشاندہی پر سورج مکھی کے کھیتوں میں چھپائی گئی زہر کی خالی بوتل بھی برآمد کر لی ہے۔ واضح رہے زہریلی مٹھائی کھانے سے 31 افراد جاں بحق ہو گئے تھے۔