خبرنامہ پنجاب

محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کی نویں برسی( آج) منائی جائے گی

فیصل آباد: (ملت+اے پی پی) پی پی پی کی سابق سربراہ وسابق وزیر اعظم محترمہ بے نظیر بھٹو مرحومہ کی نویں برسی آج(منگل کو) منائی جائے گی جبکہ اس موقع پر پی پی پی کے زیر اہتمام مختلف شہروں میں خصوصی تعزیتی تقریبات کا انعقاد کیا جائے گاجس میں مرحومہ کی جمہوریت اور ملک و قو م کیلئے خدمات کو خراج عقیدت پیش کیاجائے گا۔پی پی پی فیصل آباد کے ترجمان نے میڈیاسے بات چیت کے دوران بتا یا کہ بی بی مرحومہ کی برسی کے موقع پر پی پی پی کے کارکنوں کی جانب سے عقیدت کے طور پر نادار ، غریب ، بے سہارا، مفلس، بیواؤں ، یتیموں، مسکینوں میں بڑی تعداد میں امدادی اشیاء ، راشن، امدادی رقوم ، زرعی اجناس، رضائیاں ، بستر ، گرم کپڑے اور برتن تقسیم کئے جائیں گے جبکہ تھیلاسیمیا کا شکار معصوم بچوں اور ضرورت مند افراد کیلئے خون کے عطیات بھی فراہم کئے جائیں گے۔ انہوں نے بتا یا کہ اس موقع پر قرآن خوانی کی محافل کا بھی انعقاد کیا جائے گا جس میں وطن عزیز کی سلامتی، استحکام ،خوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں مانگی جائیں گی۔