خبرنامہ پنجاب

مخصوص نشستوں پر انتخابات میں کامیابی، قوم کا ن لیگی قیادت پر اعتماد ہے:‌تنویر اسلم

چکوال (ملت + آئی این پی) صوبائی وزیر ہاؤسنگ ملک تنویر اسلم سیٹھی نے کہا ہے کہ پورے پنجاب میں بلدیاتی اداروں کی مخصوص نشستوں کے انتخابات میں مسلم لیگ ن کی واضح کامیابی نے ایک بار پھر ثابت کر دیا ہے کہ پوری قوم وزیراعظم نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتی ہے۔ ضلع چکوال کے تمام بلدیاتی اداروں میں 98فیصد نشستیں مسلم لیگ ن نے جیت کر یہ بات پھر واضح کر دی ہے کہ ضلع چکوال مسلم لیگ ن کا مضبوط قلعہ ہے۔ وہ چیئرمین یونین کونسل لہڑ سلطان پور راجہ ساجد اقبال اور جنرل کونسلر راجہ راشد اقبال کے بھتیجے شہریار کی دعوت ولیمہ میں اخبار نویسوں سے گفتگو کررہے تھے۔ دعوت ولیمہ میں معروف نعت خوان عبدالرزاق جامی، عظیم سماجی کارکن راجہ مجاہد افسر، ملک ظفر اقبال، چوہدری عرفان حیدر ، راجہ محمد اشفاق اور عمائدین علاقہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ صوبائی وزیر ملک تنویر اسلم سیتھی نے مزید کہا کہ چیئرمین ضلع کونسل چکوال وہی ہوگا جس کو پارٹی کی ہائی کمان نامزد کرے گی اور اس ضمن میں پارٹی کی ہائی کمان کا فیصلہ قبول کریں گے اور نامزد چیئرمین کو بھاری اکثریت سے کامیاب کروائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع کونسل چکوال کے ایوان میں مسلم لیگ ن کے پاس 90فیصد ممبران ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹرینز کے درمیان معمولی اختلافات جمہوریت کی روح ہیں اور ضلع چکوال کے تمام پارلیمنٹرینز شریف برادران کی قیادت پر مکمل اعتماد کرتے ہیں۔