خبرنامہ پنجاب

مذاکرات کامیاب؛ نرسوں کادھرناختم

لاہور:(اے پی پی) پنجاب حکومت اور نرسنگ ایسوسی ایشن کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوگئے جس کے بعد نرسوں نے 5 روز سے جاری دھرنا ختم کرنے کا اعلان کردیا۔ لاہورکے مال روڈ پر سرکاری اسپتالوں کی نرسوں کا دھرنا گزشتہ 4 سے جاری تھا جو پانچویں روز میں داخل ہوچکا تھا تاہم رات گئے ڈائریکٹر جنرل نرسنگ اور ڈپٹی سیکریٹری نے پنجاب حکومت اور نرسوں کے درمیان معاملات طے کرانے کی کوشش کی جس کے لیے ینگ نرسز ایسوسی ایشن کے 7 رکنی وفد نے سول سیکریٹریٹ میں مشیر صحت سلمان رفیق سے مذاکرات کیے، مذاکرات میں نرسوں کی قیادت نرسنگ ایسوسی ایشن کی صدر روزینہ منظور نے کی جب کہ چیف سیکریٹری، ڈی جی نرسنگ اور ڈپٹی سیکریٹری نے بھی مذاکرات میں شرکت کی۔ نرسنگ ایسوسی ایشن اور پنجاب حکومت کے درمیان مذکرات کامیاب ہوگئے جس میں طے پایا کہ نرسنگ اسٹاف کے لیے رسک الاؤنس 3 ماہ میں طے کرلیا جائے گا اور سروس اسٹرکچر کے لیے ایک ماہ کا وقت مقرر کیا گیا ہے جسے ایک ماہ میں ہی بحال کردیا جائے گا جب کہ یہ مذاکرات پنجاب حکومت نے پہلی بار تسلیم کیے ہیں۔ نمائندہ نے بتایا کہ حکومت کے ساتھ کامیاب مذاکرات کے بعد نرسنگ ایسوسی ایشن نے فوری طور پر دھرنا ختم کرنے کا اعلان کردیا ہے۔