فیصل آباد۔مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد شہباز شریف کل 20جولائی بروز جمعہ کی شام 6بجے تاریخی دھوبی گھاٹ گراؤنڈ فیصل آباد میں بڑے انتخابی جلسہ عام سے خطاب کریں گے جس کیلئے تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں اور مسلم لیگ (ن) سے تعلق رکھنے والے سابق وفاقی و صوبائی وزراء ، ارکان اسمبلی اور صوبائی ، ڈویژنل ، ضلعی ، تحصیل ، سٹی مسلم لیگ (ن) سمیت ان کے ذیلی ونگز کے عہدیداران بشمول مسلم لیگ (ن) یوتھ ونگ ، مسلم سٹوڈنٹس فیڈریشن ، خواتین ونگ ، وکلاء ونگ ، علماء ونگ بھر پور انداز میں سرگرم عمل ہو گئے ہیں تاکہ زیادہ سے زیادہ کارکنان کو دھوبی گھاٹ گراؤنڈ میں لا کر جلسہ کو کامیاب بنانے کیلئے اقدامات کئے جاسکیں،مسلم لیگ (ن) فیصل آباد کے ترجمان نے کہاکہ فیصل آباد مسلم لیگ (ن) کا مضبوط قلعہ ہے جبکہ جمعہ کے عظیم الشان عوامی اجتماع میں کارکنوں کا ٹھاٹھیں مارتا ہو اسمندر یہ ثابت کر دے گا کہ اس قلعہ میں کوئی دراڑ نہیں ڈالی جا سکتی،انہوں نے مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں سے بھی اپیل کی کہ وہ اپنے قا ئد ین کے ساتھ بھر پور اظہار یکجہتی کیلئے جوق در جوق جلسہ گاہ پہنچیں ،دریں اثنا ء جلسہ کے موقع پر امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کیلئے سکیورٹی کے بھی فول پروف انتظامات کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔