خبرنامہ پنجاب

مضر صحت دودھ کی بڑی وجہ مویشیوں کی شہر سے منتقلی

لاہور: (ملت+اے پی پی)صو با ئی دارالحکو مت میں مضر صحت دودھ کی بڑے پیمانے پر فروخت جاری ہے جس کی بڑی وجہ بغیرموثر پلان بنائے مویشیوں کی شہر سے منتقلی بھی ہے۔ شہری علاقوں سے جانوروں کا انخلا کرتے ہوئے متبادل کے طور پر گوالا کالونیاں نہ بنائی جا سکیں۔ مضافاتی علاقو ں میں رکھے گئے مویشی مقا می ضرورت کو ہی پورا کر رہے ہیں جس کے باعث 90سے 95فیصد دودھ دوسرے شہرو ں سے آ رہا ہے ، لاہور میں فروخت ہو نے والے کھلے دودھ میں 80فیصدایسا ہے جس میں اصل دودھ نہ ہو نے کے برا بر ہو تا ہے جبکہ زیادہ تر دودھ کیمیکل سے ہی تیار ہو کر آ رہا ہے۔ خالص دودھ کہیں بھی 70روپے میں دستیاب نہیں ہے جبکہ کیمیکل والا دودھ65 روپے میں بھی فروخت ہورہا ہے۔ اس وقت لاہور میں لاکھو ں لٹر دودھ کی کھپت ہے جبکہ لاہور اور اردگرد کے شہروں سے بھی اگر دودھ ا کٹھا کیا جائے تو لاہور کی یہ کھپت پوری نہیں ہو تی جس کے باعث کیمیکل ملے دودھ سے ہی اس کو پورا کیا جا رہا ہے۔ اس حوالے سے پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ڈائریکٹر آپریشنز رافعہ حیدر نے کہا کہ مضر صحت دودھ فروخت کر نے والو ں کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے ۔