خبرنامہ پنجاب

مظفر گڑھ :شارٹ سرکٹ سے چار گھروں میں آتشزدگی؛ 6 افراد جاں بحق

مظفر گڑھ:(آئی این پی) مظفر گڑھ میں شارٹ سرکٹ کے باعث آتشزدگی سے چار گھروں میں آگ لگی گئی جس کی لپیٹ میں آ کر 6 افراد لقمہ اجل بن گئے ۔ اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی ، گھروں کی دیواریں اور چھتیں سرکنڈوں کی ہونے کے باعث آگ تیزی سے پھیلی جس نے یکے بعد دیگرے چار گھروں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ۔ اسی دوران گھروں میں موجود دو خواتین اور چار بچے جھلس کر شدید زخمی ہوگئے ، انہیں طبی امداد کیلئے مقامی ہسپتال لے جایا گیا مگر وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے ۔ اس حوالے سے بتایا گیا ہے کہ زخمیوں کو طبی امداد کی فراہمی میں تاخیر کے باعث قیمتی جانیں ضائع ہوئیں ، ریسکیو اور متعلقہ ادارے تاخیر سے جائے حادثہ پر پہنچے جبکہ ہسپتال میں بھی طبی سہولیات کے فقدان کی وجہ سے زخمیوں کا علاج بروقت نہ کیا جاسکا ۔ مرنے والے تمام افراد سرکنڈوں کا کام کرتے تھے ۔ زخمیوں کو ہسپتال لایا گیا تو وہاں بھی بجلی بند ہونے کی وجہ سے انہیں کوئی طبی امداد فراہم نہ کی جاسکی جبکہ جنریٹر بھی کام نہیں کر رہے تھے ۔ علاوہ ازیں یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ ہسپتال کا برن یونٹ بھی کام نہیں کر رہا تھا جس کی وجہ سے مریضوں کا علاج نہیں کیا جاسکا ، اس صورتحال پر مریضوں کے لواحقین نے شدید احتجاج کیا ۔