خبرنامہ پنجاب

معاشی طور پرمستحکم اورمحفوظ پاکستان کا وعدہ پورا کریں گے، شہبازشریف

لاہور (آئی این پی )وزیراعلیٰ شہبازشریف نے کہا ہے کہ دو ہزار تیرہ کے مقابلے میں آج کا پاکستان معاشی لحاظ سے مستحکم ہے، جبکہ پرامن، معاشی طور پر مستحکم اور محفوظ پاکستان کا وعدہ پورا کریں گے۔ لاہور میں وزیراعلیٰ شہبازشریف سے مسلم لیگ ن کے عہدیداروں نے ملاقات کی۔ ملاقات میں موجودہ سیاسی صورتحال، ترقیاتی منصوبوں اور پارٹی امور پر گفتگو کی گئی۔ وفد سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ شہبازشریف کا کہنا تھا کہ امن اور روشنی کا سفر ایک عزم کے ساتھ جاری و ساری ہے، پاکستان ہم سب کا ہے اور اسے مل کر ترقی و خوشحالی کی راہ پر لے کر جانا سب کی ذمہ داری ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان مسلم لیگ ن نے ہمیشہ اقدار کی سیاست کی ہے، جبکہ ذاتی مفادات کی خاطر قومی مفادات کو داؤ پر لگانے کی سیاست نے ملک کو بے پناہ نقصان پہنچایا ہے، تاہم اب وقت آ گیا ہے کہ عوام ترقی کی راہ میں رخنہ ڈالنے والوں کو منہ توڑ جواب دیں۔