لاہور:(آئی این پی)لاہور ہائیکورٹ نے معذور افراد کو پبلک مقامات پر سہولیات فراہم نہ کرنے کے خلاف درخواست پر حکم دیا ہے کہ معذور افراد کو سہولیات فراہم کرنے کے قوانین پر عمل درآمد کیا جائے ۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے شیراز ذکاء ایڈووکیٹ کی درخواست پر سماعت کی جس میں معذور افراد کو پبلک مقامات پر سہولیات فراہم نہ کرنے کے اقدام کو چیلنج کیا گیا ۔ درخواست گزار وکیل شیراز ذکاء نے نشاندہی کی کہ معذور افراد کو پبلک مقامات پر سہولیات نہ ملنے سے شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ درخواست گزار کے وکیل نے بتایا کہ معذور افراد کو پبلک مقامات پر سہولیات فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے اور اس بارے میں قانون بھی موجود ہے ۔ شیزار ذکاء نے افسوس کا اظہار کیا کہ معذور افراد کی سہولت کے لیے قوانین پر عمل درآمد نہیں ہو رہا ۔ درخواست میں استدعا کی گئی کہ معذور افراد کو پبلک مقامات پر سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے ۔