ملتان:(اے پی پی)ملتان میں حضرت شاہ رکن عالم کے عرس کی دوسرے روز کی تقریبات جاری ہیں ۔ عرس میں ملک بھر سے ہزاروں زائرین شرکت کر رہے ہیں ۔ سلسلہ سہروردیہ اور برصغیر پاک و ہند کے عظیم روحانی پیشوا حضرت شاہ رکن عالم کے سالانہ 702ویں عرس کی تقریبات کا آج دوسرا روز ہے ۔ درگاہ کے احاطہ میں آج قومی کانفرنس کی دوسری نشست منعقد کی جا رہی ہے جس کی صدارت درگاہ کے سجادہ نشین مخدوم شاہ محمود قریشی کر رہے ہیں ۔ قومی کانفرنس میں ملک بھر سے آئے علماء حضرت شاہ رکن عالم کی زندگی اور ان کی دین تبلیغ پر روشنی ڈال رہے ہیں ۔ عرس کی تقریبات میں شرکت کے لئے بھارت سے بھی 150 افراد کا قافلہ ملتان پہنچا ہے ۔ اس موقع پر سیکورٹی کے انتظامات بھی سخت ہیں اور 60 کے قریب کلوز سرکٹ کیمروں سے عرس کی تقریب کی مسلسل نگرانی بھی کی جا رہی ہے ۔