خبرنامہ پنجاب

ملتان میں گھریلو ناچاقی پر شوہرنے بیوی اور سالی پرتیزاب پھینک دیا

ملتان (ملت + آئی این پی) ملتان میں گھریلو ناچاقی پر شوہرنے بیوی اور سالی پرتیزاب پھینک دیا،متاثرہ خواتین کو طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کردیاہے جبکہ ذرائع کے مطابق ملزم کو کوٹ ادو سے گرفتار کر لیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ملتان میں ناکہ چوک کے علاقے میں ایک شخص کی جانب سے تیزاب پھینکے پر اس کی بیوی، ساس اور سالی بری طرح متاثر ہوگئیں ۔واقعے سے متعلق پولیس کا کہناتھا کہ بازار میں موجود شہباز اور اس کا ساتھی عمران خواتین کے گزرنے کا انتظار کررہے تھے جبکہ موقع ملتے ہی انعم، اس کی والدہ اور بہن پر تیزاب پھینک دیا۔پولیس کے مطابق شہباز نامی شخص اور اس کی بیوی انعم گھریلو ناچاقی کی وجہ سے علیحدگی اختیار کیے ہوئے تھے جبکہ ان کی علیحدگی کا معاملہ عدالت میں زیر سماعت ہے۔ایس پی گلگشت علی مردان کھوسہ کا کہنا ہے کہ ہے کہ یہ بات واضح نہیں ہوسکی کہ ان دونوں کے درمیان علیحدگی کا معاملہ کب سے زیر سماعت ہے۔تیزاب سے سب سے زیادہ متاثر شہباز کی سالی 20 سالہ عروسہ ہوئی، جسے ریسکیو 1122 کی جانب سے فوری طور پر نشتر ہسپتال منتقل کردیا گیا۔شہباز کی بیوی انعم بھی تیزاب کی زد میں آئی لیکن اس کی حالت خطرے سے باہر بتائی جارہی ہے۔ایس پی مردان کھوسہ کے مطابق، پولیس جائے وقوعہ پر پہنچ کر شواہد اکھٹے کرچکی ہے اور تحقیق کا آغاز کردیا جائے گا۔دوسری طرف پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ خواتین پرتیزاب پھینکنے والے ملزم کو کوٹ ادو سے گرفتار کرلیا گیا ہے۔