ملتان:(اے پی پی)ملتان میں نشتر ہسپتال کی کینٹین پر سلنڈر دھماکے کے نتیجے میں 13 افراد زخمی ہوگئے ۔ دھماکہ دوپہر کے وقت کھانا پکانے کے دوران ہوا جب کینٹین کے ملازم کھانا پکانے میں مصروف تھے ۔ دھماکے کے نتیجے میں 13 افراد زخمی ہوگئے جن کو طبی امداد کیلئے ایمرجنسی وارڈ میں داخل کرا دیا گیا ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ زخمیوں میں سے تین افراد کی حالت تشویش ناک ہے جن کی زندگی بچانے کی بھرپور کوشش کی جا رہی ہے ۔ دوسری طرف ہسپتال میں واقعے کی کوریج کیلئے جانے والے دنیا نیوز کے کیمرہ مین کو ہسپتال کے عملے کی جانب سے تشدد کا نشانہ بنایا گیا ، ان سے کیمرہ چھین لیا گیا اور ایک کمرے میں بند کر کے ہسپتال کے عملے کی جانب سے تشدد کا نشانہ بنایا گیا ۔ واقعے کیخلاف موقع پر موجود تمام میڈیا نمائندوں نے شدید احتجاج کیا اور ذمہ داروں کیخلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ۔