خبرنامہ پنجاب

ملک منفی سیاست کا متحمل ہیں ہوسکتا:وزیراعلیٰ

لاہور(آئی این پی )وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے کہا ہے کہ سیاسی بنیادوں پر قرضے معاف کرانے والے قوم کے مجرم ہیں جبکہ غریب قوم کی محنت کی کمائی لوٹنے والوں کو حساب دینا ہو گا۔ وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف سے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے ارکان اسمبلی نے ملاقات کی۔ ملاقات میں موجودہ سیاسی صورتحال اور ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ شہبازشریف نے کہا کہ یہ وقت پاکستان کو بنانے کا ہے، جبکہ ملک کسی بھی طور پر منفی سیاست کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ اربوں روپے کے قرضے معاف کرانے والوں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کا وقت آگیا ہے۔ قرض معاف کرانے والے ان عظیم پاکستانیوں سے سبق سیکھیں جو رزق حلال کما کر قرض واپس کرتے ہیں۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ پنجاب میں میرٹ اور شفافیت پر مبنی نظام کو فروغ دیا گیا ہے، جبکہ ترقیاتی منصوبوں میں اربوں روپے کی بچت کا کریڈٹ وزیر اعظم نواز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت کو جاتا ہے۔