خبرنامہ پنجاب

مناواں پولیس ٹریننگ سنٹر پر حملہ: ہائیکورٹ نے فیصلہ محفوظ کر لیا

لاہور (ملت + آئی این پی) لاہور ہائیکورٹ نے مناواں پولیس ٹریننگ سنٹر پر حملہ کے مجرم کی رہائی کے لیے دائر اپیل پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس کاظم رضا شمسی کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے اپیل کی سماعت کی۔ مجرم ہجرت اللہ کے وکیل نے بتایا کہ انسداد دہشتگردی عدالت نے مجرم کو حقائق کے برعکس دس سال کی سزا سنائی جبکہ اس کے خلاف ٹھوس شواہد موجود نہیں تھے۔وکیل نے موقف اپنایا کہ 2009ء میں انسداد دہشتگردی عدالت دھماکہ خیز مواد رکھنے کے مقدمہ کی سماعت نہیں کر سکتی تھی اس کے باوجود عدالت نے مجرم کو انسداد دہشتگردی کی دفعات کے تحت سزا سنا دی۔مجرم دھماکہ خیز مواد رکھنے کی قانون میں موجود سزا پوری کر چکا ہے لہٰذا معزز عدالت سے استدعا ہے کہ مجرم کو رہا کرنے کرنے کے احکامات صادر کیے جائیں ۔دوران سماعت پنجاب حکومت کے وکیل نے رہائی کی اپیل کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ مجرم کو دی گئی دس سال کی سزا کم ہے لہٰذا اسے بڑھایا جائے ۔ جس پر فاضل عدالت نے فریقین کے وکلاء کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا۔