راولپنڈی:(اے پی پی) وزارت داخلہ نے پنجاب حکومت، صوبائی پولیس آفیسرلاہور، چیئرمین پی ٹی اے اورچیئرمین بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کو تحریری مراسلہ ارسال کرتے ہوئے باور کرایا ہے کہ موبائل فون کنکشنز کی غیرقانونی ایکٹیویشن سنجیدہ مسئلہ ہے جس کو سختی سے روکا جانا اشد ضروری ہے۔ وفاقی وزارت داخلہ میں قائم نیشنل کرائسزاینڈ مینجمنٹ سیل کی جانب سے پنجاب حکومت، آئی جی پولیس ، چیئرمین پی ٹی اے اور چیئرمین بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کو ارسال کیے جانے والیے مراسلے میں باور کرایا ہے کہ موبائل فونز کنکشنز کے اجرا کے حوالے سے سختی اقدامات کے باوجود اینٹی سوشل، اینٹی اسٹیٹ اور کرمنل عناصر فراڈ و دھوکا دہی کے ذریعے اپنے اقدامات جاری رکھے ہوئے ہیں ایسا ہی ایک گروہ جھنگ کے علاقے میں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی آڑ میں سرگرم عمل ہے اور علاقے میں جاکر اعلانات کراتے ہیں ٹیم آپ کے علاقے میں آرہی ہے لہٰذا بیوہ اور خواتین مخصوص مقامات پر ٹیموں کی آمد پر اپنی رجسٹریشن کرائیں۔ اس دوران وہ ان خواتین کے شناختی کارڈ کی کاپیاں اور بائیومیڑک مشین پر انکی انگولیوں کے نشانات لے لیتے ہیں ا ور پھر ان پر مذکورہ عناصر موبی لنک کی موبائل فون سم جاری کرواکر ایکٹیو کروالیتے ہیں اور پھر ان کو جھنگ اور ملک کے دیگر حصوں میں پھیلے ہوئے جرائم پیشہ عناصر کو 5 سے6 ہزار میں فروخت کردیتے ہیں مراسلے میں ایسے گروپ کے عارف وغیرہ 5 افراد کے نام بھی درج کیے گئے ہیں۔