خبرنامہ پنجاب

مٹھی بھر عناصر عوام کی خوشحالی اور ترقی میں جان بوجھ کر رکاوٹیں ڈال رہے ہیں، شہباز شریف

لاہور (آئی این پی) وزیراعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ اقتصادی راہداری منصوبہ چین کا پاکستان کیلئے عظیم تحفہ ہے‘ وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں پاکستان ترقی اور خوشحالی کے سفر پر گامزن ہے۔ پیر کو وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف سے سے وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے ملاقات کی ۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اقتصادی راہداری منصوبہ چین کا پاکستان کے لئے ایک عظیم تحفہ ہے۔ اقتصادی راہداری کے تحت تمام منصوبوں پر کام تیزی سے جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاشی ‘ تجارتی اور سماجی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے ٹھوس لائحہ عمل اختیار کیا گیا ۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف کی قیادت میں پاکستان ترقی اور خوشحالی کے سفر پر گامزن ہے۔ مٹھی بھر عناصر عوام کی خوشحالی اور ملک کی ترقی میں جان بوجھ کر رکاوٹیں ڈال رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ عوام نے ایسے عناصر کو 2013 کے عام انتخابات اور بلدیاتی الیکشن میں مسترد کردیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہم سب کا ہے اسے ہم مل کر مضبوط اور توانا بنائیں گے۔ (ن غ)