خبرنامہ پنجاب

مہاجرین کو عزت و تکریم کے ساتھ ان کے ملک واپس بھجوایا جائے‘ سراج الحق

لاہور/اسلام آباد (ملت + آئی این پی) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ نادرا حکام اور وزارت داخلہ کی نااہلی کی وجہ سے ہزاروں لوگ روزانہ ذلیل و خوار ہو رہے ہیں، وہ اپنا قومی شناختی کارڈ بنوا سکتے ہیں نہ پاسپورٹ، اس پر ہم نے اجلاس میں بھی شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے، اگر نادرا نے یہ مسئلہ حل نہ کیا تو لوگ نادرا دفاتر کا محاصرہ کریں گے، افغان خاتون شربت گلہ جس کی عمر 53 سال ہے کے حوالے سے بھی حکام نے غلط طریقہ استعمال کیا، ان کو جیل میں ڈالا اور بھارت اس مسئلے کو ہمارے خلاف استعمال کر رہا ہے، یہ معاملہ خوش اسلوبی سے حل ہو سکتا تھا، اسی طرح سے افغان تاجروں اور طلبا کے معاملے کو بھی خوش اسلوبی سے حل کرنا چاہئے،حکومت افغان طلباء، تاجروں اور مریضوں کے حوالے سے خصوصی پالیسی بنائے، غیررجسٹرڈ مہاجرین کو رجسٹرڈ کرنے کے لئے تمام سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ ان کی واپسی کے وقت بین الاقوامی اداروں سے ملنے والی سہولیات سے وہ بھی فائدہ اٹھا سکیں، پاکستان افغان پالیسی کو امریکہ کے مفادات کی نظر سے دیکھنے کی بجائے اپنے ملک کے مفادات کی نظر سے دیکھے اور افغانستان میں امن کی بحالی کے لئے مخلصانہ کوششیں کرے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے افغان مہاجرین کی ان کے وطن واپسی کے حوالے سے وزارت سیفران میں منعقدہ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ افغان مہاجرین کے پاکستان میں قیام کے دوران مقامی آبادی کو کبھی کوئی پریشانی نہیں ہوئی، دونوں ملکوں کے لوگ آپس میں بھائیوں کی طرح رہتے رہے۔مہاجرین ہمارے مہمان تھے جن کے جانے پر عوام کے اندر ایک اداسی کی کیفیت ہے۔پاکستان میں مہاجرین کا قیام مثالی رہا اور اب ان کی واپسی نہایت اہم مسئلہ ہے۔ ہماری حکومت نے اس مسئلے کو حل کرنے کے لئے درست اقدامات نہیں اٹھائے۔قوم چاہتی تھی کہ مہاجرین کوپورے اعزاز اور عزت و تکریم کے ساتھ واپس بھیجا جائے مگرحکومت کی طرف سے چند معاملات کی وجہ سے سارا ماحول خراب ہوا۔ مہاجرین کی واپسی کے لئے ان کے مشران کے ساتھ مل کر مشترکہ حکمت عملی بنائی جائے اور بین الاقوامی قوانین کی بھی پابندی کی جانی چاہئے۔ نادرا نے اپنی نااہلی کی وجہ سے غیررجسٹر افغان مہاجرین کے ساتھ ساتھ مقامی آبادی کے شناختی کارڈ بھی بلاک کر دیئے ہیں جس کی وجہ سے عوام شدید مشکلات کا شکار ہیں۔سینیٹرسراج الحق نے کہا کہ افغان مہاجرین کی ان کے وطن واپسی کے لئے پارلیمانی کمیٹی بنائی جائے۔ پاک افغان تعلقات جتنے زیادہ مضبوط ہوں گے، بھارت کو اس خطے میں مداخلت کے اتنے ہی کم مواقع ملیں گے۔ سراج الحق نے ایل او سی پر بھمبر سیکٹر میں بھارتی فوج کی فائرنگ سے 7 پاکستانی فوجیوں کی شہادت پر شدید غم و غصہ کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنی سرحدات کے تحفظ کو یقینی بنائے،حکومت کو اپنی موجودگی کا ثبوت دینا ہوگا،یہ جاگنے کا وقت ہے سونے کا نہیں۔ حکومت عوام کو تحفظ نہیں دے سکتی تو اسے حکمرانی کا بھی کوئی حق نہیں ،حکومت کہتی ہے کہ عوام خود پہرہ دیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کا جنگی جنون قابل مذمت ہے۔بھارت خطے کو جنگ کی آگ میں جھونکنا چاہتا ہے ،عالمی برادری کو اس کا نوٹس لینا چاہئے ،انہوں نے کہا کہ اگر جنگ کی آگ بھڑکی تو یہ کسی ایک خطے یا علاقے تک محدود نہیں رہے گی بلکہ پوری دنیا کو اس میں جلنا پڑے گا۔