خبرنامہ پنجاب

میاں محمودالرشید کا وزیر اعلی شہبازشر یف سے استعفیٰ کا مطالبہ

لاہور (ملت + آئی این پی) اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی میاں محمودالرشید نے وزیر اعلی شہباز شر یف سے استعفیٰ کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب اپنی شوگر ملوں کے حوالے سے بدیانتی کے مرتکب ہوئے ، سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد عہدے پر رہنے کا کوئی جواز باقی نہیں بچا ، فوری مستعفی ہوں ورنہ پیچھا نہیں چھوڑیں گے سپیکرپنجاب اسمبلی وزیر اعلیٰ کی نااہلی کے لئے ہمارے ریفرنس کو الیکشن کمیشن کے پاس بھجوائیں۔جمعہ کے روز پنجاب اسمبلی کمیٹی روم میں پر یس کانفرنس کر تے ہوئے میاں محمودالرشید نے کہا کہ سپیکرپنجاب اسمبلی ہمارے بھیجے ہوئے وزیر اعلیٰ نااہلی ریفرنس کو الیکشن کمیشن کے پاس بھجوائیں اور آئین و قانون کی بالا دستی کے لیے ریفرنس کو تسلیم کرکے تاریخ میں امر ہو جائیں،اگر وزیر اعلیٰ مستعفی نہ ہوئے تو انہیں نواز شریف سے بھی بدتر حالات کا سامنا کرنا پر سکتا ہے،وزیر اعلیٰ نے خاندان کے مفادات کو قومی مفادات پر ترجیح دی ،شہباز شریف خاندان کی ملوں کو فائدہ پہنچا رہے ہیں،وہ پنجاب کی دس کروڑ عوام سے ڈرامہ کر رہے ہیں،وزیر اعلیٰ فی الفور استعفیٰ دیں ورنہ اپوزیشن پیچھا نہیں چھوڑے گی ،جب تک وزیر اعلیٰ مستعفی نہیں ہوں گئے تو تحریک انصاف سکون میں نہیں بیٹھیں گی۔انہوں نے کہا کہ سپریم کو رٹ کی جانب سے شریف خاندان کی شوگر ملوں پر کام روکنے کے فیصلے کے بعد جمعہ کے روزاس موضوع پراپو زیشن کی جانب سے گرما گرم بحث ہونا تھی جس کی وجہ سے انہو ں نے پنجاب اسمبلی کا معمول کا جاری اجلاس اچانک ملتوی کر دیا ، جس کی پر زور مذمت کرتے ہیں ، سپیکر پنجاب اسمبلی نے اسلام آباد سے ایک خصوصی ٹیلی فون کال پر اچانک اجلاس ملتوی کیا۔ انہو ں نے کہا کہ شریف برادران کی شوگر ملوں کی منتقلی کو سپریم کورٹ نے بھی مسترد کر دیا ہے، وزیر اعلیٰ پنجاب اپنی شوگر ملوں کے حوالے سے بدیانتی کے مرتکب ہوئے ہیں اور اب وہ صادق اور امین نہیں رہے ، سپریم کورٹ کے اس فیصلے کے بعد وزیر اعلیٰ کے عہدے پر رہنے کاکوئی جواز باقی نہیں بچتا، وہ مستعفی ہو جائیں۔