لاہور: (ملت+آئی این پی) ہسپتالوں میں جعل سازی کے ذریعے صحت مند افراد کو بھی سٹنٹ ڈالنے کے انکشاف پر ایف آئی اے نے میو ہسپتال میں چھاپہ مار کر کروڑوں روپے مالیت کے جعلی سٹنٹس برآمد کر لیے۔تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے کو ایک ایسے شخص کی جانب سے درخواست موصول ہوئی جو معمول کے چیک اپ کے لیے ہسپتال گیا جہاں اس کا آپریشن کر کے جعلی سٹنٹ ڈال دیا گیا۔ ایف آئی اے نے درخواست پر کارروائی کا آغاز کیا اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر میاں اعجاز نیخود میو ہسپتال میں جا کر اپنا ٹیسٹ کرایا جہاں ڈاکٹروں نیانہیں بھی سٹنٹ ڈلوانے کا مشورہ دے دیا۔ ایف آئی اے نے تحقیقات کا دائرہ وسیع کیا تو پتہ چلا کہ میو ہسپتال کے پروفیسرز نے ایک سٹنٹ بنانے والی کمپنی کے ساتھ ملی بھگت کر کے انہیں ہسپتال میں ایک کمرہ فراہم کیا ہوا تھا جہاں پر مریضوں کو جعل سازی سے سٹنٹ بھاری رقوم لے کر ڈالے جا رہے تھے ایف آئی اے نے ہسپتال سے کروڑوں روپے مالیت کے جعلی سٹنٹ قبضے میں لے کر تحقیقات کا آغاز کرتے ہوئے ہسپتال کے پروفیسرز اور کمپنی کے اہلکاروں کو شامل تفتیش کر لیا ہے۔