میں نے برطانوی شہریت 2013 چھوڑ دی تھی، چودھری سرور
لاہور: (ملت آن لائن) تحریک انصاف کےنو منتخب سینیٹر چوہدری سرور سپریم کورٹ کے روبرو دوہری شہریت چھوڑنے کے حوالے سے اپنا موقف لے کر عدالت پیش ہو گئے۔ سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی۔ تحریک انصاف کے رہنماء اور نو منتخب سینیٹر چوہدری سرور نے عدالت میں کہا کہ میں 2013 میں برطانوی شہریت چھوڑ چکا ہوں، عدالت نے چوہدری سرور کو بیان حلفی جمع کرانے کی ہدایت کر دی، عدالت نے دوہری شہریت از خود کیس میں خالد خان اور بلال منٹو کو عدالتی معاون مقرر دیا۔ پی ٹی آئی رہنما عندلیب عباسی نے عدالت کو بتایا کہ وزیر اعظم کی بہن سعدیہ عباسی اور نزہت صادق 5 ، 5 سال دوہری شہریت کے ساتھ پارلیمنٹ کی رکن رہ چکی ہیں، جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ آپ کے حقوق کے تحفظ کے لئے بیٹھے ہیں، اسی لیے از خود نوٹس لیا۔ دوہری شہریت کا فیصلہ 2012 میں آیا ، انکی نا اہلی تو پھر تب سے شروع ہونی چاہیے۔ نو منتخب سینیٹرز نزہت صادق اور سعدیہ عباسی کے وکیل نے استدعا کی کہ اس کیس کی سماعت جلدی کر لی جائے تا کہ حلف برداری کا مرحلہ مکمل ہو سکے۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ نوٹیفکیشن جاری ہوگا تو حلف برداری ہوگی ، چیف جسٹس نے کہا کہ اس کیس کو اسلام آباد میں سنیں گے۔ عدالت نے کیس کی سماعت 13 مارچ تک ملتوی کر دی۔