خبرنامہ پنجاب

ناجائزاثاثہ جات کیس؛ شفقت چیمہ نےدرخواست کردی

اسلام آباد:( اے پی پی) اپنی آمدنی سے زائد اثاثہ جات رکھنے کے الزام میں گرفتار وزارت خارجہ کے ڈائریکٹرشفقت چیمہ نے عدالت میں پلی بارگین کی درخواست جمع کرادی۔ نیب نے جسمانی ریمانڈ کی مدت ختم ہونے پروزارت خارجہ کے ڈائریکٹرشفقت چیمہ کو اسلام آباد میں احتساب عدالت کے جج محمد بشیرکے روبرو پیش کیا۔ سماعت کے دوران شفقت چیمہ کی جانب سے ان کے وکیل نے عدالت میں پلی بارگین کی درخواست جمع کرا دی، اس موقع پرانہوں نے موقف اختیارکیا کہ اگران کے موبائل سے جہازکی تصویربرآمد ہوتو کیا یہ سمجھا جائے گا کہ جہازان کی ملکیت ہے، ان کا موکل قصوروارنہیں لیکن مجبوری میں پلی بارگین اورقانون کے مطابق نیب کے ساتھ افہام وتفہیم سے معاملہ حل کرنا چاہتاہے۔ نیب کی جانب سے استدعا کی گئی کہ ملزم کے جسمانی ریمانڈ میں مزید توسیع کی جائے تاہم عدالت نے درخواست مسترد کرتے ہوئے شفقت چیمہ کو14 روزکے لئے جیل بھجوادیا- قومی احتساب بیوروکو شکایت موصول ہوئی تھی کہ وزارت خارجہ کے ڈائریکٹرشفقت علی چیمہ نے اپنی فیملی کے ہمراہ بیرون ممالک کے بے شماردورے کیے ہیں، جس پرنیب نے شفقت علی چیمہ کو گرفتارکرکے ان کے گھرسے متعدد پاسپورٹ اورجائیدادوں کے کاغذات برآمد کیے تھے۔