خبرنامہ پنجاب

نجاب میں پہلے ڈیلر وہیکل رجسٹریشن سسٹم کا جدید نظام لاہور، ملتان اور فیصل آباد میں نافذ کر دیا گیا

لاہور(اے پی پی )صوبائی وزیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن میاں مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کہا ہے کہ محکمہ ایکسائز میں منظم اور نتیجہ خیز اصلاحات کے ذریعے اس کی سروس ڈیلوری مکینزم کو جدید ترین بنایا گیا ہے تاکہ لوگوں کو سہولت ملے اور صوبہ کو پورا ریونیو حاصل ہو۔ ان اصلاحات سے محکمہ میں کرپشن ختم کرنے میں بھی مدد ملی ہے اور شفافیت پر مبنی اصلاحات سے میرٹ کو فروغ ملا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈی جی پی آر میں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر سیکرٹری ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈاکٹر احمد بلال صوفی،ڈائریکٹر جنرل ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن اکرم اشرف گوندل،ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن مسعودالحق کے علاوہ دیگر افسران نے بھی شرکت کی۔پریسنفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے بتایا کہ 18 ویں ترمیم کے بعد محکمہ ایکسائز انتہائی اہمیت اختیار کر چکا ہے۔ صوبائی اخراجات پورا کرنے میں اس محکمہ کے افسران وفیلڈ سٹاف اہم کردار ادا کررہا ہے۔ہماری کوشش ہے کہ ریونیو میں اضافہ کے ساتھ ساتھ عوام کو بہترین سروس ڈیلیوری مہیا کریں تاکہ انہیں مختلف امور میں کوئی مشکل پیش نہ آنے پائے۔انہوں نے کہا کہ صوبہ میں پہلے مرحلے میں ڈیلر وہیکل رجسٹریشن سسٹم کا جدید نظام لاہور،ملتان اور فیصل آباد میں نافذ کر دیا گیا ہے جس کا خالصتا مقصد لوگوں کو ایکسائز کے دفاتر میں ضروری سہولیات مہیا کرنے اور کرپشن کا مکمل انسداد ہے۔اسی طرح نمبر پلیٹس کا جدید نظام نافذ ہونے سے جعلی نمبر پلیٹوں کا خاتمہ ہو گا اور عوام کا ادارہ پر اعتماد بڑھے گا۔انہوں نے نمبر پلیٹس کے حوالے سے بتایا کہ عوامی آگہی پیدا کرنے کے لئے تین ماہ تک خصوصی مہم چلائی جائے گی۔اس کے بعد محکمہ پولیس اور ایکسائز مل کر جعلی نمبر پلیٹوں کے خلاف گرینڈ آپریشن کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ جعلی نمبر پلیٹس کے انسداد کے لئے حکومت آرڈیننس جاری کرنے پر غور کررہی ہے اور اس آرڈیننس کے نفاد کے بعد جعلی نمبر پلیٹس کی صورت میں 25 ہزارتا5 لاکھ تک جرمانہ اور 2 سال قید بھی دی جائے گی۔صوبائی وزیر نے میڈیا کو مزید بتایا کہ محکمہ ایکسائز تمام ریکارڈ کو کمپیوٹرائزڈ کرنے کے ساتھ ساتھ ضلعی دفاتر کو آپس میں انٹرلنک کر دیا گیا ہے تاکہ گاڑیوں کی خریدوفروخت کے نظام میں کوئی بے ضابطگی نہ آنے پائے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ پرائیویٹ کمپنی کے ذریعے نمبرپلیٹوں کی ڈیلوری کے نظام میں رکاوٹ پر ایکشن لیتے ہوئے یہ بھی فیصلہ کیا گیا ہے کہ تمام نمبر پلیٹس مالکان تک پہنچانے کے لئے کمپنی کو 3 ماہ کی مہلت دی گئی ہے اس کے بعد ناکامی صورت میں کمپنی کو بلیک لسٹ اور بھاری جرمانہ بھی کیا جائے گا۔صوبائی وزیر نے میڈیا کے توسط سے نمبر پلیٹس مالکان کو آگاہ بھی کیا کہ محکمہ ایکسائز کی جانب ہیلپ لائن08008786 قائم کر دی گئی ہے عوام اس ہیلپ لائن پر فون کرکے اپنی نمبر پلیٹ کے بارے معلومات حاصل کرسکتے ہیں۔