خبرنامہ پنجاب

نریندرمودی کی ہرزہ سرائی کےخلاف احتجاج کا سلسلہ جاری

لاہور: (اے پی پی) بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے بیان کے خلاف لاہور میں تحریک انصاف نے مظاہرہ کیا۔ پریس کلب کے باہر احتجاج کے دوران شدید نعرہ بازی کی گئی۔ مظاہرین نے بھارتی وزیراعظم کا پتلا بھی جلایا۔ آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفر آباد میں جموں کشمیر پیپلز فریڈم لیگ کے ارکان نے نیلم پل سے آزادی چوک تک موٹر سائیکل ریلی نکالی۔ شہریوں کی بڑی تعداد بھی شریک رہی۔ بینر اور پلے کارڈ اٹھائے شرکاء نے نعرے لگائے اور پتلے بھی جلائے۔ بھارتی وزیراعظم کے بیان کیخلاف لہڑی میں بھی احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ ریلی میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ شرکاء نے نریندر مودی کا پتلا بھی نذر آتش کیا۔