خبرنامہ پنجاب

اپنی گاڑی کیلئےاپنے پسندیدہ نام کی نمبر پلیٹ حاصل کریں

لاہور(ملت آن لائن)اپنی گاڑی کیلئےاپنے پسندیدہ نام کی نمبر پلیٹ حاصل کریں۔ایس آر یو کے ڈائریکٹر جنرل سلمان صوفی نے کہا ہے کہ وی پلیٹ پراجیکٹ شہریوں کو کسٹمائزڈ نمبرپلیٹ (یعنی کسی مخصوص نام کے ساتھ جاری ہونے والی نمبر پلیٹ) کا لیگل پراجیکٹ ہے جس کے ذریعے شہری اپنے نام ، فیملی یا دیگر شناخت کے ساتھ مخصوص نمبر پلیٹ حاصل کر سکیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پراجیکٹ کے معاہدے پر دستخط سے ایک روز قبل گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے بتایا کہ سٹریٹجک ریفارمز یونٹ اور محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کے اشتراک سے پنجاب میں وی پلیٹ پراجیکٹ کے نفاذ کے لئے معاہدے پر دستخط آج ہوں گے جب کہ تقریب میں صوبائی وزیرقانون رانا ثناء اللہ ، سیکرٹری ایکسائز و ٹیکسیشن ڈاکٹر احمد بلال، ڈی جی ایکسائز و ٹیکسیشن اشرف اکرم گوندل اور ایس آئی گلوبل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر معاہدے پر دستخط کی تقریب میں شرکت کریں گے۔
سلمان صوفی نے کہاکہ ایکسائز 2ویژن کے تحت جاری ہونے والی وی نمبر پلیٹ سکیورٹی فیچر سے مزین ہوں گی اور اے این پی آر ریڈایبل ہونے کی وجہ سے انہیں کیمرے سے ٹریس کرنا ممکن ہو گا۔ پہلے مرحلے میں کارپوریٹ وی-پلیٹ، پرسنالائزڈ وی-پلیٹ اور دیگر ایشوز سے متعلقہ وی-پلیٹ جاری کی جائیں گی۔ اس منصوبے کے تحت شہری قومی ہیروز سے وابستہ وی-پلیٹس بھی حاصل کر سکیں گے اور انہیں مختلف سائز کی وی-پلیٹس منتخب کرنے کی چوائس بھی مہیا کی جائے گی۔ سلمان صوفی نے بتایا کہ ایس آئی گلوبل ادارہ کیاسک اور سہولت مرکز قائم کرنے کے ساتھ ساتھ سمارٹ فون ایپلی کیشن بھی لانچ کرے گا جس کے ذریعے شہری نمبر پلیٹ کے اجراء کے مختلف مراحل پر آگاہی حاصل کر سکیں گے۔