ننکانہ صاحب :(آئی این پی)ننکانہ صاحب میں مانانوالہ روڈ پر ایل پی جی ٹینکر اور کار کے درمیان تصادم کے نتیجے میں تیرہ افراد جاں بحق اور بیس سے زائد زخمی ہوگئے۔ریسکیو ذرائع کے مطابق ننکانہ صاحب میں کوٹ ور کے قریب مانانوالہ روڈ پر ایل پی جی ٹینکر ایک کار سے جاٹکرایا۔جس کے بعد گیس ٹینکر کو آگ لگنے کے باعث زور دار دھماکہ ہوا۔جبکہ ٹینکر میں لگنے والی آگ نے قریبی دو عمارتوں،گاڑیوں اور دو رکشوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔حادثے کے نتیجے میں پانچ افراد موقع پر جاں بحق جبکہ تیس سے زائد زخمی ہوگئے۔جنہیں امدادی ٹیموں نے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال منتقل کیا۔جہاں مزید آٹھ افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔جاں بحق ہونیوالوں میں سکول کے چار طلباء بھی شامل ہیں۔جبکہ ڈاکٹرز کے مطابق ڈسٹرکٹ ہسپتال میں لائے گئے۔زخمیوں میں پانچ افراد کی حالت تاحال تشویشناک ہے۔جبکہ ہسپتال میں برن یونٹ نہ ہونے کے باعث زخمیوں کو فیصل آباد اور لاہور منتقل کیا جارہا ہے۔