ننکانہ صاحب:(اے پی پی) :ننکانہ صاحب میں مانانوالہ روڈ پر چند روز قبل ٹریفک حادثے کا شکار ہونیوالے مزید دو زخمی توڑ گئے۔حادثے کے باعث ہلاکتوں کی تعداد اکیس تک پہنچ گئی ہے۔ننکانہ صاحب میں دس فروری کو مانانوالہ روڈ پر ایل پی جی ٹینکر،کار اور رکشے میں تصادم ہوگیا تھا،جس کے بعد ٹینکر کو لگنے والی آگ نے دو عمارتوں،گاڑیوں اور دو رکشاوٴں کو لپیٹ میں لے لیا تھا۔حادثے میں بارہ افراد موقع پر جاں بحق ہوگئے تھے۔اور تیس سے زائد شدید زخمی ہوگئے تھے۔مگر زخمیوں کے دم توڑنے کے باعث ہلاکتوں کا سلسلہ نہ رک سکا۔آج بھی فیصل آباد کے الائیڈ ہسپتال میں زیر علاج زخمی ہونیوالا پولیس کانسٹیبل سکندر اور ایک خاتون زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے،جس کے بعد حادثہ میں جاں بحق افراد کی تعداد اکیس تک جاپہنچی ہے۔تاہم ڈاکٹرز کے مطابق ہسپتال میں زیر علاج مزید پانچ مریضوں کی حالت بھی تشویشناک ہے۔جس کے باعث ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔