خبرنامہ پنجاب

نواز شریف اور ان کے خاندان کی بریت کے خلاف درخواست پر متعلقہ دستاویزات پیش کرنے کی ہدایت

لاہور (ملت + آئی این پی) چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس منصور علی شاہ نے نیب ریفرنس سے وزیراعظم نواز شریف اور ان کے خاندان کے ارکان کی بریت کے خلاف درخواست پر متعلقہ دستاویزات پیش کرنے کی ہدایت کی ہے. عدالت میں مقامی شہری محمود نقوی نے نواز شریف اور ان کے خاندان کے ارکان کی بریت کو چیلنج کیا ہے. درخواست گزار کے مطابق احتساب عدالت نے شریف خاندان کو اتفاق فاونڈری ریفرنس سے بری کیا اس بریت کے خلاف چیئرمین نیب نے اپیل دائر نہیں کی جو ان کی قانونی ذمہ داری تھی.درخواست گزار نے الزام لگایا کہ چئیرمین نیب کی جانب سے بریت کے خلاف اپیل دائر نہ کرنا ان کی بدنیتی ثابت کرتی ہے۔درخواست گزار نے استدعا کی کہ شریف خاندان ابھی تک نیشنل بینک کے نادہندہ ہیں۔ اس لیے شریف خاندان کی بریت کا تفصیلی ریکارڈ طلب کیا جائے۔ ہائیکورٹ نے درخواست گزار کو شریف خاندان کی ریفرنس سے بریت کے معاملے پر متعلقہ دستاویزات پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے مزید سماعت 27 مارچتک ملتوی کردی۔