گوجرانوالہ:(آئی این پی ) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران کان کہتے ہیں کہ وزیر اعظم نواز شریف کے اقتدار میں آنے کا مقصد صرف اپنے کاروبار کی ترقی ہے ۔گوجرانوالہ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف اور ان کی سیاست میں بڑا فرق یہے۔ نواز شریف کا اقتدار میں آنے کا مقصد صرف اور صرف اپنے کاروبار کی ترقی ہے ، اگر اس دوران ملک کو فائدہ ہوجائے تو ٹھیک ہے ورنہ ان کا اپنا کورابار تو ترقی کرہی رہا ہے۔ اسی وجہ سے نواز شریف کا کاروبار تو ترقی کررہا ہے لیکن پاکستان کی معاشی حالت خراب ہورہی ہے۔ کسانوں کا حال برا ہوگیا ہے ، پیداوار کی لاگت میں روز بروز اضافہ اور قیمت میں کمی ہورہی ہے۔ لاہور میں 200 ارب روپے کی لاگت سے اورنج میٹرو کا منصوبہ بنایا جارہا ہے اگر یہی رقم کسانوں کی فلاح پر لگائی جاتی تو ملک میں غربت کم ہوجاتی، کسان خوشحال ہوتا اور ملک میں بے روزگاری میں کمی آتی۔ نواز شریف عوام کے پیسے سے صرف اشتہارات میں ہی بجلی پیدا کرتے ہیں ۔عمران خان نے کہا کہ اگر عالمی منڈی کے تناسب سے دیکھا جائے تو ڈیزل کی قیمت 20 روپے فی لیٹر کم ہونی چاہیے تھی لیکن ایسا نہیں کیا گیا، اگر ایسا ہوتا تو اس کا سب سے زیادہ فائدہ کسانوں کو ہوتا لیکن نواز شریف ہمیشہ امیروں کو نوازتے ہیں،ان کے دور میں امیر امیر تر اور غریب غریب تر ہوجاتا ہے جب کہ مغربی ممالک میں حکومتیں امیروں سے ٹیکس وصول کرکے اسے غریبوں پر خرچ کرتی ہیں، جہاں بے روزگاری الاؤنس ملتا ہے، علاج معالجے اور تعلیم مفت ہے، قائد اعظم بھی پاکستان کو ایسی ہی اسلامی فلاحی ریاست بنانا چاہتے تھے۔ نواز شریف کا مشن بڑے بڑے منصونے بناکر کمیشن پیدا کرنا اور اسے بیرون ملک اپنے بچوں کے پاس بھیجنا ہے۔ میں دیگر ممالک میں جاکر اپنے ملک میں پیسے لاتا ہوں لیکن وزیر اعظم اپنے ملک کی دولت باہر کے بینکوں میں رکھتے ہیں ۔ نواز شریف اپنے اثاثوں کا علان کریں اور بتائیں کہ بیرون ملک ان کے اور اسحاق ڈار کے کتنے اثاثے ہیں۔ ملک میں بادشاہت کرنے والے اپنی جماعتوں میں الیکشن بھی نہین کراتے اب بادشاہت اور نئے پاکستان کے نظریئے میں مقابلہ ہونے جارہا ہے ۔