خبرنامہ پنجاب

نوجوانوں کوہنر مند بناکر ملک میں معاشی انقلاب لایاجاسکتا ہے‘میاں مقصوداحمد

لاہور (ملت + آئی این پی) امیرجماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمدنے کہاہے کہ کسی بھی ملک کاسب سے قیمتی اثاثہ ہنرمندنوجوان ہوتے ہیں الحمدللہ پاکستان بھرپور افرادی صلاحیت رکھتا ہے،ملک کی کل آبادی کاتقریباً60فیصدنوجوانوں پرمشتمل حصہ معاشی انقلاب لاسکتا ہے،اس کے لئے ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت فنی تربیت سے آراستہ کرکے نوجوانوں کو اس قابل بنائے کہ وہ ملک وقوم کابہترمستقبل بن سکیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہو ں نے کہا کہ حکمران پڑھے لکھے نوجوانوں کوبے روزگار کرکے ان کی صلاحیتوں کوزنگ آلود کررہے ہیں۔ہر سال آٹھ ہزار سے زائد تعداد میں اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوان اپنی تعلیم مکمل کرکے بیرون ملک کارخ کررہے ہیں ۔ہمارے حکمرانوں کی نااہلی کا یہ عالم ہے کہ اپنا قیمتی اثاثہ لائق اور ذہین افراد کی صلاحیتوں سے وہ کام لینے سے قاصر ہیں۔یہی وجہ ہے کہ گزشتہ کئی سالوں سے’’برین‘‘ ڈرین ہو رہا ہے۔ جوکہ انتہائی تشویش ناک امر ہے۔انہوں نے کہاکہ حکومت نے ’’وزیراعظم یوتھ سکلڈ ڈوویلپمنٹ‘‘ پروگرام کااجراء کیا ۔ جو کہ ایک اچھا اقدا م تھا مگر اس کے اثرات عملاعوام تک آج تک نہیں پہنچ سکے۔نوجوان آج بھی ہاتھوں میں ڈگریاں لئے در در کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں۔اس پروگرام کادائرہ کار پاکستان کے ہر چھوٹے بڑے شہر اور قصبے تک پھیلایاجائے تاکہ زیادہ سے زیادہ نوجوان اس سے بھرپوراندازمیں استفادہ کرسکیں۔نوجوان نسل پاکستان کاحقیقی مستقبل ہے ان کی صحیح رہنمائی اور تربیت کرکے ہی ہم اپنے مستقبل کومحفوظ کرسکتے ہیں۔میاں مقصود احمد نے کہاکہ ملک میں روزگار کے مواقع نہ ہونے کے برابر ہیں اس لئے پڑھے لکھے نوجوان گمراہی میں مبتلاہوکر جرائم کی دنیاکی طرف مائل ہورہے ہیں۔حکومت ایسے پروجیکٹس کا آغاز کرے جن سے نئے روزگار کے مواقع پیدا ہوں۔انہوں نے کہاکہ طلبہ کی تعلیم کے ساتھ ساتھ فنی تربیت بھی انتہائی ضروری ہے۔جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنے کے ساتھ وطن سے محبت کاجذبہ بھی سرشار رکھنا ہوگا تب ہی ہم اچھے افرادپیداکرسکیں گے۔