خبرنامہ پنجاب

نیب اور الیکشن کمیشن سمیت تمام اداروں کو ’’آزاد ‘‘کر نا ہوگا: چودھری سرور

لاہور (ملت + آئی این پی) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما ورسابق گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا ہے کہ نیب اور الیکشن کمیشن سمیت تمام اداروں کو ’’آزاد ‘‘کر نا ہوگا ‘قومی اداروں کو ریموٹ کنٹر ول سے چلانے سے تباہی کے سواکچھ نہیں آئیگا ‘کسی کو بھی آئین وقانون سے بالاتر نہیں ہو نا چاہیے اورجو کوئی بھی ملک میں آئین وقانون کی خلاف ورزی کر یں اس کو سزا ضرور ملنی چاہیے ورنہ ملک مسائل کا شکار رہیگا ‘ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہم سیکورٹی فورسز کیساتھ ہیں۔ پارٹی کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے سابق گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا کہ بیڈ گورننس ملک اور قوم کیلئے بوجھ بن چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک ملک میں الیکشن کمیشن اور نیب سمیت تمام قومی ادارے مکمل آزاد اور خود مختار نہیں ہوگا اس وقت تک ملک میں شفاف احتساب کا خواب پورا نہیں ہو سکتا ۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں دن بدن حالات میں بہتری کی بجائے مسائل میں بدتر ین اضافہ ہو رہا ہے جسکی بنیادی وجہ بیڈ گورننس ہے‘ ملک میں ایسے نظام حکومت کی ضرورت ہے جس میں کوئی بھی طاقتوار شخص آئین وقانون سے بالاتر نہیں ہو نا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف پوری قوم متحد ہے اور ملک دشمن کسی بھی صورت اپنے عزائم میں کامیاب نہیں ہوں گے اور تحر یک انصاف نے پہلے بھی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکورٹی فورسز کا ساتھ دیا ہے اور آئندہ بھی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکورٹی فورسز کیساتھ ہیں ۔