خبرنامہ پنجاب

نیب قانون میں ترمیم کیلئے اپوزیشن سے مشاورت کی جائے گی،طلال بدر چوہدری

فیصل آباد۔(اے پی پی )وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے انفامیشن اینڈ ٹیکنالوجی طلال بدر چوہدری نے کہا ہے کہ نیب قانون میں ترمیم کے لیے اپوزیشن سے مشاورت کی جائے گی ۔پنجاب میں بلدیاتی انتخاب کے آخری مرحلے کے انعقاد میں تحریک انصاف رخنہ ڈال رہی ہے جبکہ حکومت متناسب نمائندگی کے قانون کے خلاف تحریک انصاف کی درخواست پر عدالتی حکم کی منتظر ہے ۔ ضرب عضب گزشتہ ایک دہائی سے زائد برسوں میں ہونے والے مختلف آپریشنز میں سے پہلا کامیاب آپریشن ہے جس کا کریڈٹ بین الاقوامی سطح پر فوجی قیادت کے ساتھ ساتھ سیاسی قیادت کی بصیرت کو بھی دیا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی مفاہمتی پالیسی کو مک مکا کہنے والی تحریک انصاف جانتی ہے کہ اسی پالیسی کے تحت وہ مستعفی ہونے کے باوجود اسمبلیوں میں موجود ہیں ۔حکومت اگر چاہتی تو بلوچستان اور خیبر پختونخواہ میں تحریک انصاف کی جگہ ہمارے لوگ بیٹھے ہو تے۔ بلدیاتی سیاست میں متناسب نمائندگی کا قانون قوم کو لوٹا کریسی سے بچانے کیلئے لا رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) ہر سیاسی جماعت کا مینڈیٹ کھلے دل سے تسلیم کرتی ہے اور دیگر سیاسی جماعتوں سے بھی یہی تقاضا کرتی ہے کہ ملک کے موجودہ حالات کے پیش نظر پاکستان کے استحکام کے لیے مفاہمت کی اس فضا کو برقرار رہنا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے وسیع تر مفاد میں 21ویں ترمیم ، اقتصادی راہداری، نیشنل ایکشن پلان سمیت تحریک انصاف کے استعفوں تک کے معاملے پر حکومت نے مفاہمانہ رویہ اختیار کیا تاکہ دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں کسی قسم کی رکاوٹ نہ آئے ۔انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کے ہر مرحلے پر تحریک انصاف نے رخنہ ڈالنے کی کوشش کی، انہوں نے پہلے حلقہ بندیوں ،پھر جماعتی اور غیر جماعتی بنیاد اور اب متناسب نمائندگی کے قانون کو عدالت میں چیلنج کیا جبکہ وہ قومی و صوبائی اسمبلیوں میں اسی متناسب نمائندگی کے قانون کو تسلیم کرتی ہیں لیکن چونکہ اس دفعہ حکومت لوٹاکریسی کے ماہرین کو کوئی موقع نہیں دینا چاہتی لہٰذابلدیاتی انتخابات میں عوام کی جانب سے ملنے والے ہر پارٹی کے مینڈیٹ کو تسلیم کرتے ہیں اور اسی مناسبت سے مقامی حکومتوں میں حصہ بھی دینا چاہتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کو عوام نے بلدیاتی انتخابات میں مسترد کردیا لہٰذا وہ کوشش کر رہے ہیں کہ اس عمل میں جس قدر ہوسکے رکاوٹیں ڈالی جا سکیں۔انہوں نے کہا کہ عدالت بلدیاتی انتخابات کے آخری مرحلے کے لیے مارچ میں جو بھی فیصلہ سنائے گی اس پر عمل کرتے ہوئے اسے پورا کیا جائے گااور سب کو معلوم ہے کہ مسلم لیگ (ن) ہی واضح برتری سے کامیاب ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمہ کے لیے پاک فوج کی جانب سے جاری ضرب عضب ملکی تاریخ کا کامیاب ترین فوجی آپریشن ہے جس کے اچھے نتائج برآمد ہورہے ہیں اور جلد قوم ملک سے آخری دہشت گرد کے خاتمے کی نوید سنے گی۔