اسلام آباد: نیب لاہور کو نوازشریف اور مریم نواز کو اڈیالہ جیل منتقل کرنے کے لیے ہیلی کاپٹر فراہم کردیا گیا۔
اسلام آباد کی احتساب عدالت نے ایون فیلڈ ریفرنس میں نوازشریف کو 11، مریم نواز کو 8 اور ان کے شوہر محمد صفدر کو ایک سال قید بامشقت کی سزا سنائی ہے جس کےبعد نیب نے گزشتہ روز کیپٹن (ر) صفدر کو گرفتار کرکے اڈیالہ جیل منتقل کردیا۔
میاں نوازشریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز نے 13 جولائی کو وطن واپسی کا اعلان کیا ہے جب کہ نیب نے انہیں لاہور سے ہی اڈیالہ جیل منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
گزشتہ روز نیب لاہور کے ڈائریکٹر شہزاد سلیم نے چیئرمین نیب جسٹس (ر)جاوید اقبال کو خط لکھا تھا جس میں نوازشریف اور مریم نواز کی اڈیالہ جیل منتقلی کے لیے ہیلی کاپٹر فراہم کرنے کی درخواست کی گئی تھی۔
ذرائع کا کہناہےکہ ڈی جی نیب لاہور کے خط کا چیئرمین نیب نے مثبت جواب دیا ہے اور نوازشریف، مریم نواز کی لاہور ائیرپورٹ سے اسلام آباد منتقلی کےلیے ہیلی کاپٹر فراہم کردیا گیاہے۔
واضح رہےکہ وزارت داخلہ نے نوازشریف اور مریم نواز کا نام بھی ای سی ایل میں ڈال دیا ہے جب کہ ای سی ایل قوانین کے تحت بیرون ملک موجود سزا یافتہ افراد کی وطن واپسی پر انہیں فوری گرفتار کیا جاتا ہے۔