لاہور:(آئی این پی) لاہور ہائیکورٹ نے وزیر اعظم نواز شریف کے نیب پر تنقیدی بیان کے خلاف درخواست پر ہائی کورٹ آفس کے اعتراض کو ختم کر کے اسے قابل سماعت قرار دے دیا ہے ۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد وحید کے روبرو تحریک انصاف کے رہنما اور لائرز ونگ کے سربراہ گوہر نواز سندھو ایڈووکیٹ کی درخواست اعتراض کے ساتھ پیش کی گئی ۔ سماعت کے دوران بتایا گیا ہے ہائیکورٹ آفس نے درخواست پر دوبارہ اعتراض لگایا دیا ہے جس کا کوئی قانونی جواز نہیں ہے کیونکہ درخواست میں ترمیم کرکے اس کو دوبارہ دائر کیا گیا ہے ۔ درخواست گزار وکیل گوہر نواز سندھو نے استدعا کی کہ ہائیکورٹ آفس کے اعتراض کو ختم کر کے اسے سماعت کے لیے پیش کرنے کی ہدایت کی جائیں جس پر جسٹس شاہد وحید نے درخواست اعتراض ختم کرکے اسے سماعت کے لیے پیش کرنے کی ہدایت کردی ۔ درخواست میں کہا گیا کہ نیب ملک بھر میں کرپشن کے خلاف سرگرم ہے لیکن وزیر اعظم نے نیب کے بارے جو بیان دیا ہے وہ نیب کے ادارے پر دبائو ڈالنے کے مترادف ہے ۔ درخواست گزار وکیل کے مطابق نیب ایک آزاد اور خودمختار ادارہ ہے ۔ یہ وزیر اعظم کے ماتحت نہیں اس طرح وزیر اعظم نواز شریف نے نیب کے بارے میں بیان دے کر نیب میں زیر سماعت مقدمات میں مداخلت کی ہے ۔ درخواست میں استدعا کی گئی کہ وزیر اعظم کو نیب کے معاملات میں مداخلت سے روکا جائے ۔