عام انتخابات 2018 کی سیاسی گہماگہمی میں جہاں تمام سیاسی جماعتوں اور انتخابی امیدواروں کی جانب سےکرپشن کے خاتمے کے نعرے لگائے گئے، وہیں ایک آزاد امیدوار ‘نیم کرپشن’ کے سلوگن کے ساتھ بھی میدان میں ہے۔
غیر معروف ‘آپ جناب سرکار پارٹی’ کے امبر شہزادہ، لاہور کے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 125 سے آزاد حیثیت میں الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں اور ‘تھوڑی سی’ کرپشن کے پُر زور حامی ہیں۔
ان کا نعرہ ہے:
تھوڑی رشوت کام زیادہ، وزیراعظم امبر شہزادہ
پوری قوم کا ایک ہی ارادہ، وزیراعظم امبر شہزادہ
الیکشن 2018 کے سلسلے میں گفتگو کرتے ہوئے امبر شہزادہ نے کہا، ‘میں سمجھتا ہوں کہ حکمران اگر ضرورت کے تحت کرپٹ ہوجائیں تو ملک کے تمام مسائل کا حل نکل سکتا ہے’۔
امبر شہزادہ کے نعرے اور خیالات تو عجیب ہیں ہی، لیکن ایک دلچسپ بات یہ کہ وہ ہر وقت کالا چشمہ پہنے رہتے ہیں، اس حوالے سے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ‘میں پبلک کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات نہیں کرسکتا، کیونکہ میں ایک کرپٹ سیاستدان ہوں’۔
امبر شہزادہ کا انتخابی نشان ‘چمچہ’ ہے، لہذا انہوں نے مشورہ دیا ہے کہ ‘وہ امیدوار جن کو پارٹی ٹکٹ نہیں ملے، وہ بھی چمچے کے نشان کے ساتھ الیکشن لڑیں، بعد میں ہم مل کر اپنی حکومت بنا لیں گے’۔
اب امبر شہزادہ این اے 125 سے کامیاب ہوں گے یا نہیں، یہ تو 25 جولائی کے بعد ہی معلوم ہوگا، ہاں لیکن ان کے دلچسپ اسٹائل نے لوگوں کو محظوظ ضرور کیا ہے۔