خبرنامہ پنجاب

نیوز گیٹ سکینڈل کیس کے تحقیقاتی کمیشن کی تشکیل کو کالعدم قرار دینے کی درخواست سماعت کیلئے منظور

لاہور (ملت + آئی این پی) لاہور ہائیکورٹ نے نیوز گیٹ سکینڈل کیس کے تحقیقاتی کمیشن کی تشکیل کو کالعدم قرار دینے کی درخواست ابتدائی سماعت کیلئے منظور کرلی‘ چیف جسٹس سید منصور علی شاہ 14 نومبر کو سماعت کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق کچھ روز قبل پاکستان عوامی تحریک کی جانب سے اشتیاق اے چودھری ایڈووکیٹ نے ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی تھی جس میں جسٹس ریٹائرڈ عامر رضا خان کی سربراہی میں نیوز گیٹ سکینڈل کی تحقیقات کے لیے کمیشن تشکیل دینے کے اقدام کو چیلنج کیا گیا درخواست میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ سیکیورٹی کی خبر لیک کرنے کا معاملہ انتہائی حساس اور قومی سلامتی سے متعلق ہے۔ انکوائری کمیٹی کے سربراہ جسٹس ریٹائرڈ عامر رضا خان کے شریف خاندان سے تعلقات ہیں اور وہ چیئرمین ہیلتھ کئیر کمیشن ہیں، انکوائری کمیٹی کے سربراہ حکومت کے منظور نظر اور جانبدار ہیں درخواست میں مزید کہا گیا تھاکہ جسٹس ریٹائرڈ عامر رضا خان کی انکوائری کمیٹی کے سربراہ کی حیثیت سے تعیناتی آئین کے آرٹیکل 5 کے برعکس ہے درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی تھی کہ سیکیورٹی لیکس کے حوالے سے جسٹس ریٹائرڈ عامر رضا خان کی سربراہی میں تشکیل دی گئی کمیٹی کو غیر آئینی قراردے کر کالعدم قرار دینے کا حکم دیا جائے۔