لاہور(آئی این پی)مسلم لیگ ق کے صدر چوہدری شجاعت حسین کا کہنا ہے کہ ن لیگی حکومت خود کو بچانے کیلئے نیب کے اوپر غیرآئینی طریقے سے ایک اور ادارہ بنانے کی کوشش کر رہی ہے،اس کی بھرپور مخالفت کریں گے ۔ لاہور میں چوہدری شجاعت حسین کی صدارت میں اجلاس ہوا جس میں چوہدری پرویزالٰہی، ایس ایم ظفر، چوہدری ظہیرالدین اور دیگر نے شرکت کی۔ چوہدری شجاعت حسین کاکہنا تھا کہ انہیں یا ان کی پارٹی کو نیب سے کسی قسم کا کوئی خطرہ نہیں،نیب کی خودمختاری برقرار رہنی چاہئے،اس کے اوپر کسی ادارے کا قیام بدنیتی پر مبنی ہو گا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ڈاکٹر خالد رانجھا سپریم کورٹ بار کے زیراہتمام نیب اور دیگر آئینی اداروں کی خودمختاری سے متعلق سیمینار میں پارٹی کی نمائندگی کریں گے۔