فیصل آباد۔(ملت آن لائن) حکومت پنجاب نے صوبہ کے بعض شہروں کے چند مقامات پر ضابطہ فوجداری کی دفعہ 144کے تحت وال چاکنگ پر عائد پابند کی خلاف ورزی کی اطلاعات کا سختی سے نوٹس لیا ہے اور تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز و ڈسٹرکٹ پولیس آفیسرز اور بلدیاتی اداروں کے سربراہان کو ہدایت کی ہے کہ وہ دفعہ 144کی خلاف ورزی کرتے ہوئے وال چاکنگ کے ذریعے تشہیر کرنے والے افراد و اداروں کے خلاف فوری مقدمات درج کر وائیں اور اس ضمن میں کسی کے ساتھ بھی کسی قسم کی کوئی رعائت یا نرمی نہ برتی جائے ۔ ڈسٹرکٹ گورنمنٹ فیصل آباد کے ذرائع نے بتایاکہ مذکورہ احکامات کی روشنی میں فوری طور پر تمام بلدیاتی اداروں، یونین کونسلز انتظامیہ ، پولیس چوکیوں اور تھانوں کی پولیس کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں 48گھنٹوں کے اندر اندر سروے مکمل کریں اور ایسے تمام ذمہ داران جنہوں نے کسی جگہ پر دفعہ 144کی خلاف ورزی کرتے ہوئے انفرادی یا اجتماعی حیثیت میں وال چاکنگ کی ہے کے خلاف دفعہ 188ت پ کے تحت مقدمات درج کئے جائیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ مقدمات کے اندراج کے بعد ایف آئی آر ز کی کاپیاں بھی ڈی سیز ، کمشنر ز ، ریجنل پولیس آفیسر ز کو فراہم کی جائیں ۔