خبرنامہ پنجاب

واہگہ بارڈر: پرچم اتارنے کی شاندار تقریب

لاہور: (اے پی پی) آزادی کے دن دشمن کے پڑوس میں بھی جشن منایا گیا۔ واہگہ بارڈر پر پرچم اتارنے کی شاندار تقریب نے اس موقع کو یادگار بنا دیا۔ قدم سے قدم ملاتے، مکے اور بازو دکھاتے رینجرز کے جوان جب جب زیرو لائن کی جانب بڑھتے، دشمن پر لرزہ طاری کرتے رہے۔ خصوصی تقریب میں شریک شہریوں کا جوش و خروش بھی عروج پر رہا۔ کوئی سبز ہلالی پرچم اٹھائے آیا۔ کسی نے فلک شگاف نعرے لگا کر دلوں کو گرمایا۔ پاکستانیوں کے پاکستان زندہ باد کے نعرے دشمن کو ارض پاک کی جانب اٹھنے والی میلی آنکھ نکال پھینکنے کا پیغام بھی دیتے رہے۔ ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے اور ملی نغموں کی گونج بھی پاکستانیوں کے عزم و استقلال کی ترجمانی کرتی رہی۔ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بچنے کیلئے تقریب کی سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کئے گئے تھے۔ آزادی کے دن واہگہ بارڈر پر ہونے والی پرچم اتارنے کی خصوصی تقریب میں آرمی پبلک سکول پشاور کے بچوں نے بالخصوص شرکت کی۔