فیصل آباد۔(ملت آن لائن) وزارت ٹیکسٹائل نے انٹر پرینیور شپ کے فروغ اور ہنر مند افراد کی تربیت کیلئے ویمن بزنس انکیوبیشن سنٹر کے انٹر پرینیورز کو فنی تربیت کے مواقع فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور کہا ہے کہ وزار ت ٹیکسٹائل اس ضمن میں فیصل آباد کے علاوہ دیگر چیمبرز آف کامرس سے بھی رابطہ میں رہے گی تاکہ چیمبرز آف کامرس فیشن انڈسٹری سے جڑی مصنوعات کی ویلیو ایڈیشن میں ان کا ہاتھ بٹا سکیں۔ وزارت کے ذرائع نے بتایاکہ صنعتی ، کاروباری ، تجارتی شعبہ کی معاونت اور حکومتی اقدامات سے ٹیکسٹائل کا شعبہ تیزی سے بحال ہو رہا ہے جبکہ ٹیکسٹائل ایکسپورٹرز کے ریفنڈ کلیمز کی ادائیگیوں کے بعد ایکسپورٹرز کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ویلیو ایڈیشن کیلئے حکومت مزید مراعات دے رہی ہے تاکہ علاقائی مسابقتی فضاء میں پاکستان کے ایکسپورٹر ز کو برتری حاصل ہو اور وہ زیادہ سے زیادہ مصنوعات برآمد کر کے قیمتی زر مبادلہ حاصل کر نے میں مدد گار ثابت ہو سکیں ۔ انہوں نے کہا کہ وزارت ٹیکسٹائل چیمبر ز آف کامرس کے ساتھ مل کر ہنر مند افراد کو تربیت فراہم کرے گی تاکہ اس کے مقررہ اہداف کی تکمیل ممکن ہو سکے۔ انہوں نے بتایاکہ راولپنڈی چیمبر آف کامرس جلد برمنگھم برطانیہ میں ایک بزنس کانفرنس منعقد کرنے جا رہا ہے جس کیلئے وفاقی وزارت ٹیکسٹائل بھر پور معاونت اور رہنمائی فراہم کرے گی۔