سیالکوٹ:(ملت آن لائن) وزیراعظم عمران خان آج جی سی ویمن یونیورسٹی کےنیوکیمپس کاسنگ بنیادرکھیں گے اور تقریب کےشرکا اور مقامی رہنماؤں سے خطاب بھی کریں گے، کیمپس کی تعمیر پرایک ارب 62 کروڑ27 لاکھ روپے لاگت آئے گی۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران آج سیالکوٹ کا دورہ کریں گے، جہاں وہ جی سی ویمن یونیورسٹی کے نیوکیمپس کا سنگ بنیاد رکھیں گے اور تقریب کے شرکا اور مقامی رہنماؤں سے خطاب بھی کریں گے۔
تقریب میں وزیراعلیٰ پنجاب اور دیگر رہنما شرکت کریں گے جبکہ علامہ اقبال نالج پارک کا بھی آغاز کریں گے۔
جی سی ویمن یونیورسٹی کا نیا کیمپس 200 ایکڑ پر محیط ہے، کیمپس کی تعمیر پر ایک ارب 62 کروڑ27 لاکھ روپے لاگت آئے گی، منصوبے میں اکیڈمک بلاک، ہاسٹل، عملہ کی رہائش اورلینڈ اسکیپنگ شامل ہیں۔
وزیراعظم عمران خان سیالکوٹ کے دورے میں سبزہ زار میں پودا بھی لگائیں گے۔
گذشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے سیالکوٹ میں علامہ اقبال یونیورسٹی قائم کرنے کا فیصلہ کیا تھا، دونوں منصوبوں سے وسطی پنجاب کے عوام مستفید ہو سکیں گے۔
خیال رہے وزیراعظم کرتارپور سے واپسی پر سیالکوٹ کا دورہ کریں گے۔
یاد رہے وزیراعظم عمران خان آج کرتاپورکوریڈورکا سنگ بنیاد رکھیں گے ، ڈیرہ دربار صاحب شکرگڑھ میں خصوصی تقریب کے تمام ترانتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں ۔
اس موقع پرسیکیورٹی کےسخت انتظامات کئے گئے ہیں ، بیس فٹ چوڑ ااورساٹھ فٹ لمبا اسٹیج تیار کیا گیا ہے، جلسہ گاہ کی سیکورٹی کے لئے سینتیس سے زائد کیمرے لگائے گئےہیں جبکہ گردوارہ کرتارپور صاحب میں آنے جانے والے راستے کی مانٹرینگ کی جائے گی۔
وزیراعظم عمران خان کی دعوت پران کے دوست سابق کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو تقریب میں شرکت کے لیے بھارت سے پاکستان پہنچ گئے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ جو کام اکہتربرس میں نہ ہو سکا وہ تین ماہ میں ہی ہوگیا، مسئلے جنگوں سے نہیں مذاکرات کی میز پر حل کیے جاتے ہیں، پاکستان جیوے سارا آسمان جیوے میرا یار عمران خان جیوے۔
سکھ برادری خوشی سے نہال ہیں، ڈیرہ دربارصاحب پر موجود سکھوں کا کہنا ہے آرمی چیف جنرل باجوہ ساری دنیا کے سکھوں کے بھی ہیرو بن گئے ہیں۔